دمشق28جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)شام میں القاعدہ تنظیم کا ونگ شمار کی جانے والی تنظیم’’النصرہ فرنٹ‘‘نے لبنانی تنظیم حزب اللہ ملیشیا کے ایک قیدی کی ویڈیوجاری کی ہے۔وڈیو میں حزب اللہ کے رکن حسن نزیہ طہ نے ایک چھوٹے کیمرے کے سامنے گفتگو کرتے ہوئے تنظیم کے سربراہ حسن نصر اللہ کو مخاطب کیا اور اس پر دھوکہ دہی کا الزام لگایا۔قیدی کا کہنا ہے کہ "تم لوگ ہمیں مقامات مقدسہ اوراسلام کے دفاع کا بول کر شام لائے تھے، تاہم درحقیقت ہم یہاں بچوں اور عورتوں کو بے گھر کرنے اور ان کو سڑکوں اورراستوں پر پھینکنے کے لیے آئے۔اس کے بعد قیدی نے سوال پوچھا کہ کیا فلسطین کی آزادی کا راستہ ان علاقوں سے شروع ہوتا ہے؟۔قیدی کا اشارہ ان علاقوں کی جانب تھا جہاں شام میں حزب اللہ لڑائی میں مصروف ہے۔
تعز میں انسانی بنیادوں پر فائربندی ہونا چاہیے: اقوام متحدہ
نیویارک28جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)اقوام متحدہ نے اپیل کی ہے کہ یمنی صوبے تعز میں شدید جھڑپوں کی وجہ سے عام شہریوں کو درپیش شدید مسائل کے تناظر میں فوری طور پر سیز فائر کی ضرورت ہے۔اقوام متحدہ کی جانب سے یہ اپیل ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے، جب سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی فورسز کی فضائی مدد کے ذریعے یمنی حکومت کی حامی فورسز نے ایران نواز شیعہ حوثی باغیوں کے قبضے سے تعز صوبے کے ایک علاقے پر شدید لڑائی کے بعد قبضہ کر لیا ہے۔ ان جھڑپوں ہی کی وجہ سے اقوام متحدہ کی زیرنگرانی امن عمل بھی انتہائی مشکلات کا شکار ہو گیا ہے۔ تعز صوبے میں ہونے والی اس تازہ لڑائی کے بعد حوثی باغیوں نے اقوام متحدہ کی جانب سے پیش کردہ تجاویز پر ردعمل میں تاخیر سے کام لینا شروع کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ کی جانب سے دی جانے والی تجاویزمیں حوثی باغیوں سے کہا گیا تھا کہ وہ دارالحکومت صنعا سمیت تمام شہری علاقوں سے نکل جائیں، جب کہ یمن میں ایک مخلوط حکومت قائم کی جائے۔اقوام متحدہ کے انسانی بنیادوں پر امداد کے شعبے کے کوآرڈینیٹر جیمز مک گولڈرِک کا کہنا ہے کہ جنوب مغربی تعز صوبے میں خون ریزی میں اضافے کی وجہ سے صوبائی دارالحکومت تعز اور قریبی علاقے السراری میں عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے فریقین سے اپیل کی کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے فوری طور پر فائر بندی وقفہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فریقین امدادی ایجنسیوں کے ساتھ تعاون کریں، تاکہ متاثرہ علاقوں سے زخمیوں کے انخلاء اورجنگ زدہ علاقوں میں خوراک اورادویات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔مک گولڈرِک نے فریقین کو متبنہ کیا ہے کہ جنگ زدہ علاقوں میں شہریوں کو جان بوجھ کرپھنسائے رکھنا، یرغمال بنانے کے مترادف ہے اور یہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔خیال رہے کہ تعز صوبے کازیادہ تر حصہ یمنی صدر منصور حادی کی حامی فورسز کے قبضے میں ہے۔ اسی صوبے میں واقعہ تعزشہر یمن کا تیسرا سب سے بڑاشہر ہے، جس کی آبادی تین لاکھ ہے، تاہم حوثی باغیوں نے اس شہر کا تین اطراف سے محاصرہ کر رکھا ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق رواں ہفتے صدر منصور حادی کی حامی فورسز نے تعز شہر کے قریبی قصبے السراری پر قبضہ کرلیاہے۔اقوام متحدہ کی زیرنگرانی جاری مذاکرات میں حوثی باغیوں کے وفد نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومتی فورسز اسراری قصبے میں جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہی ہیں۔